سرگودھا: 53 پی ٹی آئی رہنماؤں کارکنوں کو میانوالی پولیس نے رہا ہوتے ہی پکڑ لیا
میانوالی (نمائندہ نوائے وقت) انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا سے تھانہ سٹی میانوالی کے 2 مقدمات میں بری ہونے والے تحریک انصاف کے سابق ممبر قومی اسمبلی امجد علی خان ضلعی صدر امیر خان سوانسی سمیت 53 کارکنوں کو سرگودھا جیل سے رہا ہوتے ہی پولیس نے گرفتار کر لیا ہے میانوالی پولیس 10 جون کو ہی سرگودھا پہنچ گئی تھی لیکن بری ہونے کے باوجود سرگودہا جیل سے سوموار کی شام تک رہائی نہیں ہوئی میانوالی پولیس کے جوانوں نے سرگودھا میں ہی قیام کیا اور منگل کو کارکنوں کی رہائی شروع ہوئی تو ان تمام کو باری باری پکڑ کر باہر آتے ہی قیدیوں کی وین میں بٹھا دیا گیا اور انہیں لے کر میانوالی پہنچا دیا گیا ہے۔ ضلع کچہری میں ڈی سی آفس کے ذرائع کے مطابق تاحال پی ٹی آئی کے ان کارکنوں اور رہنماؤں کی دوبارہ گرفتاری یا نظر بندی کا کوئی سرکاری طور پر حکمنامہ جاری نہیں کیا گیا۔ یہ رہنما کسی دوسرے مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں ہے نہ ان کے خلاف کسی تھانے میں کوئی ایف آئی آر ہے۔