چارسدہ میں پہلی شہدا پریڈ: وزیر داخلہ نے پیکج 30 لاکھ سے ایک کروڑ کر دیا
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار شہدائے وطن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ٹریننگ سنٹر شب قدر چارسدہ میں شہداء پریڈ ہوئی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔ ایف سی ٹریننگ سنٹر شب قدر آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری معظم جاہ انصاری اور اعلیٰ حکام نے خیرمقدم کیا۔ محسن نقوی نے یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔ وزیر داخلہ نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے لان میں پودا بھی لگایا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء پریڈ کا معائنہ کیا۔ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے چاک و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا اور وفاقی وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف سی جوانوں کی عملی تربیت کے مظاہرے دیکھے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایف سی جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت کے شاندار مظاہروں کو سراہا اور جوانوں کی عملی تربیت کی تعریف کی۔ فرنٹئیر کانسٹیبلری بینڈ نے خوبصورت دھنوں کے فن کا مظاہرہ کیا۔کمانڈنٹ ایف سی معظم جاہ انصاری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء پریڈ سے خطاب کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے ایف سی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے شہداء پیکج کو 30 لاکھ روپے سے ایک کروڑ روپے تک بڑھانے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جان کے بدلے ایک کروڑ کا معاوضہ نعم البدل نہیں۔ پوری کوشش ہو گی کہ اس شہداء پیکج کی ضروری کارروائی جلد مکمل کر لی جائے۔ انہوں نے کہا آپ پٹھان، نہ پنجابی نہ بلوچی نہ سندھی ہیں۔ آپ سب پاکستانی ہیں۔ آپ سب نے پاکستانی ہوکر سوچنا ہے۔ پاکستانی ہو کر سوچیں گے تو جیت آپ کی ہو گی۔ آپ جوانوں نے صرف اور صرف پاکستان کے مشن کو سامنے رکھ کر چلنا ہے۔ پاکستانی ہونے کے ناطے آپ کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔