جوڑ میلہ‘ سکھ یاتریوں کی ننکانہ اور سچا سودا آمد‘ حکومتی انتظامات کی تعریف
ننکانہ + فاروق آباد (نامہ نگار) سکھ مذہب کے پانچویں گورو ارجن دیوجی کی برسی پر جوڑ میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے پاکستان آئے ہوئے۔ 846 بھارتی سکھ یاتری گذشتہ روزگورودوارہ پنجہ صاحب (حسن ابدال) سے گوردوارہ جنم استھان ننکانہ پہنچ گئے۔ جتھہ لیڈر سردار گوربچن سنگھ کی قیادت میں سکھ یاتری ننکانہ پہنچے تو ڈپٹی کمشنر چوہدری محمد ارشد، ایس پی انویسٹی گیشن غلام مصطفی گیلانی، اے ایس پی صابرہ ایوب، محکمہ اوقاف کے افسران نے دیگر ضلعی افسروں کے ہمراہ استقبال کیا گیا۔ تین روزہ قیام کے دوران متھا ٹیکی، اکھنڈ پاٹھ، شبد کیرتن، اشنان اور گورودواروں کی یاترا شامل ہے۔ سکھ یاتریوں نے شاندار استقبال اور بہترین مہمان نوازی پر حکومت، متروکہ وقف املاک بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء جوڑ میلہ کی تقریب میں شرکت کیلئے1000 بھارتی سیکھ یاتریوں کے گردوارہ سچا سودا (فاروق آباد) پہنچنے پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ اس موقع پر ایس پی انوسٹی گیشن رانا غلام عباس نے سکھ یاتریوںکا پرتپاک استقبال کیا‘ سکھ یاتریوں نے مذہبی رسومات ادا کیں۔