شہباز شریف اور نواز شریف کی نریندر مودی کو مبارک باد
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نریندر مودی کو تیسری بار بھارت کا وزیراعظم بننے پر مبارک باد دی ہے۔ سماجی رابطے کے ذریعے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے تہنیتی پیغام میں شہباز شریف نے مودی کے نیک تمناو¿ں کا اظہار بھی کیا۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (نواز) کے صدر محمد نواز شریف نے بھی نریندر مودی کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئیں ہم نفرت کو امید سے بدل کر اسے دو ارب انسانوں کی ترقی کا موقع بنائیں۔ نواز شریف کے پیغام کے جواب میں نریندر مودی نے لکھا کہ آپ کے پیغام کی قدر کرتا ہوں۔ بھارتی عوام ہمیشہ امن، سکیورٹی اور ترقی پسند خیالات کے حامی رہے ہیں۔ بھارتی عوام کی سکیورٹی اور خوشحالی ہمیشہ ہماری ترجیح رہے گی۔ مودی ایک طرف امن و ترقی کی بات کر رہے ہیں جبکہ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کو مکمل ہندو ریاست بنانے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ ان حالات میں بھارت سے خیر کی کیسے توقع کی جاسکتی ہے؟ اگر بھارت واقعی امن و ترقی کا خواہاں ہے اور وہ خطے میں طاقت کا توازن اور امن و امان قائم کرنا چاہتا ہے تو اسے 5 اگست 2019ءسے مقبوضہ وادی میں لگائے گئے کرفیو کو ختم کرنا ہوگا اور جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کر کے مذاکرات اور خوشگوار تعلقات کے لیے راستہ ہموار کرنا ہوگا۔ اگر بھارت کی طرف سے یہ اقدامات نہیں کیے جاتے تو مقبوضہ کشمیر کے حالات کے تناظر میں بھارت کے ساتھ امن کی فضا قائم ہو سکتی ہے نہ تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔ بین الاقوامی برادری اور عالمی اداروں کو بھی اس بات پر توجہ دینی چاہیے کہ اس وقت خطے میں جاری کشیدگی کو ختم کرنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے اور وہ یہ ہے کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کے لیے ٹھوس مساعی کی جائیں۔