• news

الخدمت فاونڈیشن کا قربانی فی سبیل اللہ پراجیکٹ

حکم خداوندی کی اطاعت میں حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہ السّلام نے قیامت تک کے انسانوں کیلئے قربانی کی وہ عظیم ترین مثال پیش کی جس کو اللہ تعالیٰ نے اپنے حکم کی کامل ترین اطاعت قراردیا ہے۔ اللہ کو اپنے ان دونوں مخلص بندوں کا یہ عمل اتنا پسند آیا کہ اس کو قیامت تک کیلئے امر کردیا۔ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو حکم دیتا ہے، ”تم کہو کہ بے شک میری نماز ،میری قربانی، میرا جینا، میرا مرنا اللہ رب العالمین کےلئے ہے۔“ 
سورة الکوثر میں فرمایا کہ ”تم اپنے رب کےلئے نماز پڑھو اور قربانی کرو۔“ اور سورة الحج میں کہا گیا کہ ”ہم نے ہر امت کےلئے قربانی مقرر کردی ہے تاکہ وہ اللہ کا نام لیں ان جانوروں پر جو ہم نے ان کو عطا کئے ہیں۔“ قربانی ایک مالی عبادت ہے اور شعائر اسلام میں سے ہے۔ہر وہ مسلمان جوصاحب نصاب ہو ، ا±س کےلئے قربانی کرنا فرض ہے۔صدقہ و خیرات کےلئے تو کوئی دن مقرر نہیں ہے لیکن اس کےلئے ایک خاص دن مقرر کیا گیا ہے جسے یوم الضحیٰ یا یوم النحر کا نام دیاگیاہے۔ 
اللہ کے اس حکم کی بجاآوری کیلئے الخدمت فاونڈیشن عیدقربان کے موقع پر فی سبیل اللہ قربانی کا وسیع پیمانے پر اہتمام کرتی ہے۔ملک بھر میں قربانی کرنےوالے اداروں میں الخدمت نمایاں مقام رکھتی ہے۔ قربانی پروجیکٹ کے تحت الخدمت امسال بھی 6000 بڑے اور 4000 چھوٹے جانوروں کی قربانی کااہتمام کر رہی ہے۔ جس سے ملک بھر میں 20 لاکھ سے زائدمستحقین مستفید ہوں گے۔ قربانی جہاں رضائے الٰہی کے حصول کا موجب ہے ، وہاں ا±ن مستحقین کیلئے بھی باعثِ مسرت ہوتی ہے جو گوشت خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔قربانی کے گوشت کوملک بھر کے مصیبت زدہ اور دور درازکے پسماندہ علاقوں کے مستحق ترین افراد میں تقسیم کرنے کےلئے الخدمت کی ٹیمیں باقاعدہ سروے کرتی ہیں تاکہ گوشت یقینی طور پر اصل حقداروں تک پہنچایا جا سکے۔ شہری علاقوں میں بھی ناداراور مساکین تک یہ گوشت بڑے منظم انداز میں پہنچایا جاتا ہے۔اس دوران الخدمت کفالتِ یتامیٰ پروگرام کے تحت زیرِ کفالت یتامیٰ اور بیواوں تک قربانی کا یہ گوشت ترجیحی بنیادوں پر پہنچایا جاتا ہے۔
 گزشتہ سال 5031 بڑے جانور اور2834 چھوٹے جانور قربان کئے گئے جس سے مجموعی طور 18 لاکھ افرادمستفید ہوئے تھے۔ اس سال غزہ کے شہداءاور غازیوں کے گھرانوں میں قربانی کرنے اور عارضی کیمپوں میں موجود لاکھوں فلسطینی پناہ گزینوں کےلئے بھی قربانی کا وسیع انتظام کیا گیا ہے۔ غزہ کے 22 لاکھ محصور فلسطینی، جنگ زدہ علاقوں میں انتہائی اذیت کی زندگی گزار رہے ہیں۔عام دن تو جیسے تیسے گزر جاتے ہیں لیکن خوشی کے تہوار میں احساسِ محرومی بڑھ جاتا ہے۔ اِسی احساس کے ساتھ خاص طور پر فلسطین کے مظلوم بہن بھائیوں کےلئے الخدمت قربانی فی سبیل اللہ کا اہتمام کر رہی ہے۔ اِس مقصد کےلئے کراچی میں جانور قربان کرنے کا بڑے پیمانے پر انتظام کیا گیا ہے۔ جو انٹرنیشنل معیار کے مطابق ہاف ک±ک کے بعد ٹِن پیک میں اہل غزہ کیلئے بھجوائے جائیں گے۔ یہ ٹِن پیکس 2 سال تک قابل استعمال ہوں گے۔الخدمت کا یہ اعزاز ہے کہ وہ مخیرحضرات کی جانب سے اندرون و بیرون ممالک سے عطیہ کی گئی قربانیوں کی باقاعدہ رپورٹنگ کا اہتمام کرتی ہے جب قربانی کا جانور ذبح ہو جاتا ہے تو قربانی عطیہ کرنے والے کو باقاعدہ جدید ذرائع سے اطلاع دی جاتی اور قربانی کی ویڈیو بھیجی جاتی ہے۔
الخدمت فاونڈیشن ایک ملک گیر تنظیم ہے جس کے رضاکار وں کا نیٹ ورک چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں موجود ہے۔ یہ رضاکار سیلاب و زلزلہ زدگان کی مدد اور بحالی کے ساتھ ساتھ قربانی پراجیکٹ کےلئے بھی اپنی خدمات پیش کرتے ہیں اورشہروں اور دیہات میں قربانی کا اہتمام کرتے ہیں۔مرکزی، ریجنل اور ضلعی سطح پر نگران کمیٹیاں بھی تشکیل دی جاتی ہیں جو قربانی کے جانوروں کی خریداری سے لیکر ان کی دیکھ بھال اور قربانی کے تمام مراحل کو مانیٹر کرتی ہیں۔ قربانی کے عمل کے دوران مکمل ہائی جین اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جاتا ہے تاکہ صاف اور بیماریوں سے پاک گوشت ہی مستحق افراد میں تقسیم کیا جائے۔ دور حاضر کے رجحانات کے پیش نظر اب ملک گیر قربانی کرنے اور اس کا گوشت دور دراز پسماندہ علاقوں میں مستحق افراد تک پہنچانے کےلئے جدید طریقہ کار اپنائے جارہے ہیں۔ الخدمت قربانی کا یہ عمل روایتی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ جدید سلاٹر ہاوسز میں بھی سرانجام دیتی ہے۔
منظم اور شفاف طریقہ کار کے مطابق قربانی کرنا اور پھر گوشت کی تقسیم اور صفائی ستھرائی تک کے تمام مراحل کو بر وقت انجام دینا یقینا قابل تحسین ہے اور ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنے میں بخل سے کام نہیں لینا چاہئے۔قربانی کے موقع پر جانوروں کی خرید سے لیکر جانور ذبح کرنے تک لوگوں کوکئی صبر آزما مراحل اور پریشانیوں سے گزرنا پڑتا ہے۔اس کا اپنا ایک اجرو ثواب ہے۔ مناسب جانور ڈھونڈنا، جانور خریدنے کے بعد اسکی چند دن خوب دیکھ بھال کرنا،یہاں تک کہ اسکے ساتھ ایک انس اور اپنا ئیت پیدا ہوجائے،یہ سب سنت ابراہیمیؑ کا تقاضا ہے۔ کچھ لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے اتنا نوازا ہے کہ وہ کئی کئی قربانیاں کرتے ہیں،بہت سے خاندان گھر کے ہر فرد کے نام پر قربانی کرتے ہیں۔ اگر یہ لوگ ایک دو جانور اپنے گھر میں ذبح کرلیں اور باقی جانور الخدمت کو عطیہ کردیں تو ان کے لئے آسانی بھی پیدا ہوجائے اور مستحقین تک گوشت بھی پہنچ جائے۔الخدمت فاونڈیشن نے لوگوں کیلئے قربانی کے اس پورے عمل کونہایت آسان بنا دیا ہے۔آپ گھر بیٹھے جانور کی خرید سے لیکر قربانی ہونے اور گوشت کی تقسیم تک کے مراحل کو اپنے فون کی سکرین پر دیکھ سکتے ہیں۔
٭٭٭

ای پیپر-دی نیشن