چائلڈ لیبر بچوں کو معصومیت، تعلیم یافتہ بننے کے مواقع سے محروم کر دیتی ہے: بلاول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے چائلڈ لیبر کو انسانی معاشرے کے لیے زہر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بچوں کی معصومیت، تعلیم اور صحت مند، ذمہ دار اور تعلیم یافتہ نوجوان بننے کے مواقع سے محروم کر دیتا ہے۔ انہوں نے اس مصیبت کے خاتمے اور بچوں کے روشن مستقبل کو یقینی بنانے کے لئے حکومتی اور سماجی دونوں سطحوں پر ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ یہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ ہمارے ملک میں پہلا نیشنل چائلڈ لیبر سروے 1996 میں میری والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور حکومت میں کیا گیا تھا۔ یہ سنگ میل ہمارے ملک میں چائلڈ لیبر کی حالت زار کو سمجھنے اور اس سے نمٹنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ کی عوامی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ 2017 میں منظور ہونے والا بل اہم قدم ہے۔ اس قانون کے تحت خلاف ورزی کرنے والوں کو 6 ماہ قید اور 50 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے جبکہ بچوں کو خطرناک طور پر روزگار فراہم کرنے پر تین سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سخت سزا دی جا سکتی ہے۔