بانی پی ٹی آئی کی 3 مقدمات میں عبوری ضمانت میں 20 جون تک توسیع
لاہور (خبرنگار) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی مسلم لیگ ن کا آفس جلانے کے 2 مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 21 جون تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر سپیشل پراسیکیوٹر سے دلائل طلب کر لئے۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی کی دو عدالتوں میں 9 مئی جلائو گھیرائو کے 10مقدمات میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ کی ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوشن کو مقدمات کا ریکارڈ 15 جون اور 21 جون کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ دریں اثناء انسداد دہشتگردی کی دو عدالتوں میں 9 مئی جلائو گھیرائو کے 13 مقدمات کی سماعت ہوئی۔ جج خالد ارشد نے اعجاز چوہدری کی ضمانت کی8 درخواستوں پر سماعت 15 جون تک ملتوی کر دی۔ اے ٹی سی کورٹ نمبر 3 نے 5 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 21 جون تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج خالد ارشد نے بانی پی ٹی آئی کی جناح ہاؤس حملہ سمیت تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں 20 جون تک توسیع کر دی۔ عدالت نے بانی چیئرمین کی اڈیالہ جیل سے ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کرانے کا حکم دے دیا۔