• news

وزیر داخلہ کا اسلام آباد میں بیوٹیفکیشن پلان میں تاخیر کا نوٹس ، ممبر ماحولیات سی ڈی اے کو تبدیل کرنے کا حکم

اسلام آباد+لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+آئی این پی ) اسلام آباد کے بیوٹیفکیشن پلان میں تاخیر پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نوٹس لیتے ہوئے ممبر ماحولیات سی ڈی اے کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا حکم دے دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کام میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں ہوگی، کام نہ کرنے والے افسران کی میری ٹیم میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے کو ممبر ماحولیات کے عہدے پر محنتی اور باصلاحیت افسر تعینات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسا افسر لگایا جائے جو اسلام آباد کے بیوٹیفکیشن پلان پر عملدرآمد میں دن رات ایک کر دے۔ علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اپ گریڈیشن کے لیے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور اسٹیڈیم کا رات گئے کام بند ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ محسن نقوی نے اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کے لیے 24 گھنٹے کام کرنے اور کام کی رفتار کو تیز کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ 24 گھنٹے کام کرکے ہی اس بڑے پراجیکٹ کو وقت پر مکمل کیا جا سکتا ہے، ساتھ ہی انہوں نے اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت کے نیچے پائپ پھٹنے کے باعث جمع پانی کی جلد نکاسی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کرنے کے لیے مزید وسائل بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔

ای پیپر-دی نیشن