لکی مروت کے شہدا آبائی علاقوں میں فوجی اعزاز کیساتھ سپردخاک
اسلام آباد(خبرنگارخصوصی) لکی مروت کے شہدا کو مکمل فوجی اعزاز کیساتھ ان کے آبائی علاقوں میں سپردخاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر ) کے مطابق صوبیدار میجر محمد نذیر، لانس نائیک محمد انور، لانس نائیک حسین علی کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہا کہ سپاہی اسداللہ، سپاہی منظور حسین اور سپاہی راشد محمود کو بھی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کر دیا گیا، نماز جنازہ میں حاضر سروس افسران وجوان، شہدا کے عزیز و اقارب اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر شہدا کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔