نماز عید اجتماعات‘سکیورٹی انتظامات مکمل ‘ہزاروں پولیس افسر ‘اہلکار تعینات
لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس نے عید قربان کے موقع پر صوبہ بھر میں مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر ہونے والے نماز عید اجتماعات کی سکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر کی 26 ہزار 500 سے زائد مساجد اور امام بارگاہوں اور 900 کھلے مقامات پر عید اجتماعات کی سکیورٹی پر 40 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے،صوبائی دارالحکومت لاہور میں نماز عید کے 5 ہزار سے زائد اجتماعات کی سکیورٹی پر 8 ہزار سے زائد اہلکار و افسران تعینات ہوں گے،صوبہ بھر میں 498 سپیشل پولیس، 260 کیو آر ایف ٹیمیں بھی سکیورٹی پر تعینات ہونگی جبکہ13249 میٹل ڈکٹیٹرز، 217 واک تھرو گیٹس اور 4475 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نماز عید سکیورٹی انتظامات کیلئے استعمال کئے جائیں گے۔ صوبہ بھر کی مساجد، امام بارگاہوں، عید اجتماعات اور شہریوں کے تحفظ کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے حوالے سے محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں، غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تمام کالعدم تنظیموں اور فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نگرانی کا عمل مزید موثر بنایا جائیگا، سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ نماز عید سے قبل تمام مساجد، امام بارگاہوں، عید گاہوں کی مکمل چیکنگ، کلیرینس یقینی بنائی جائے۔