• news

کوئی نیا ٹیکس نہ عوام پر بوجھ، پنجاب کی فنانشنل پاکٹ بڑھانا چاہتے: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 9 ویں اجلاس میں پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے 5446ارب روپے کے ٹیکس فری سرپلس بجٹ کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے 3ماہ میں ریکارڈ مہنگائی کم ہونے پر  مریم نوازشریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلی اور کابینہ نے دن رات محنت کرنے پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب اور وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری کی خدمات کو بھی سراہا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں اور نہ ہی موجودہ ٹیکسز کی شرح میں اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹیکس بڑھائے بغیر مالیاتی ذرائع سے ریونیو میں 53 فیصد کااضافہ کیا جائے گا۔ صوبائی کابینہ نے842 ارب روپے ڈویلپمنٹ اخراجات اور 630ارب روپے کے سرپلس بجٹ کی منظوری دی ہے۔ سالانہ ڈویلپمنٹ پلان میں 77 نئے میگا پراجیکٹ شامل ہوں گے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے ترقیاتی     پیکیج کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ مینارٹی ڈویلپمنٹ فنڈ میں پہلی مرتبہ ایک ارب روپے کا ریکارڈ اضافہ کیا ہے۔ گندم کے قرض کی مد میں 375ارب روپے کی ادائیگی کی منظوری دی گئی جس سے سود ادائیگی کی مد میں 54ارب سے زائد کی بچت ہوگی۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی فنانشل پاکٹ کو بڑھانا چاہتے ہیں، عوام پر بوجھ نہیں ڈالیں گے۔ بجٹ میں عوام پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگا رہے، اپنے ذرائع سے ریونیو بڑھا رہے ہیں۔ میری کابینہ اور ٹیم دن رات کام کررہی ہے۔ اپنے وعدوں اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لئے دن رات ایک کریں گے۔ کارکردگی پر ہی ڈی سی کی تعیناتی ہوگی، مسلسل مانیٹرنگ کررہے ہیں۔ پنجاب میں فراہمی اور نکاسی آب کے لئے ایک ہی ڈیپارٹمنٹ قائم کیاجائے گا۔  پورے پنجاب کو سیف سٹی بنایاجائے گا، تمام شہر کیمروں سے کور ہوں گے۔ گندم خریداری سے بچائے پیسے کاشتکار پر خرچ کریں گے۔ جنوبی پنجاب کے فارمر کو خصوصی طورپر مویشی دئیے جائیں گے۔ رورل ہیلتھ پر کبھی توجہ نہیں دی گئی، پہلی مرتبہ تمام مراکز صحت ری ویمپ ہورہے ہیں۔ فیلڈ ہسپتالوں، گھروں میں ادویات کی فراہمی اور ہسپتالوں میں مفت ادویات سے عوام خوش ہیں۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت 5مرلے تک لوگوں کو گھر بنانے کے لئے فنڈنگ دیں گے۔ نواز شریف  ہماری محنت کو دیکھ کر بہت خوش ہوتے ہیں۔ نواز شریف  کہتے ہیں اللہ تعالیٰ نے ہمارا ہاتھ پکڑ لیا ہے۔ علاوہ ازیں مریم مواز شریف نے ڈجکوٹ میں ڈسپوزل سٹیشن پر کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 5 ورکرز کی ہلاکت پر  افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سینیٹری ورکرز کی حفاظتی انتظامات کے بغیر کام کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ  نے کہا کہ حفاظتی اقدامات کے بغیر ڈسپوزل سٹیشن اور مین ہول کی صفائی کرانے پر کارروائی ہوگی۔ آکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ کے قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں کار اور موٹر سائیکل کے تصادم سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ قبل ازیں  مریم نواز نے بجٹ دستاویز 2024-25 پر دستخط کر دئیے۔  بعدازاں وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ سیشن میں خصوصی شرکت کی اورعوام دوست بجٹ کرنے پر صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن کو مبارکباد دی۔ 

ای پیپر-دی نیشن