صوبے میںسڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 143 ارب روپے مختص
لاہور( نوائے وقت رپورٹنگ ٹیم+ نوائے وقت رپورٹ) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صوبے بھر کی شاہرات کی مد میں 143 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں جس میں سے 58ارب روپے کی رقم 528 جاری منصوبوں کو مکمل کرنے کے لیے مختص کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں صوبے میں مساوی ترقی کے اصول کو مد نظر رکھتے ہوئے 296 ارب روپے کی لاگت سے 2380 کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر و بحالی پر کام شروع کیا جا رہا ہے۔ خستہ حال اور پرانی سڑکوں کی بحالی کیلئے 135 ارب روپے کی لاگت سے 482سکیموں پر مشتمل ایک بڑا پروگرام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ ملتان، وہاڑی اور فیصل آباد،چنیوٹ، سرگودھا سڑکوں کی بحالی و تعمیر کا منصوبہ پچھلے کئی سالوں سے کھٹائی میں پڑا ہوا تھا۔ حکومت نے اس مد میں اگلے مالی سال کیلئے 6 ارب روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔