• news

بجٹ مریم نواز کی پنجاب سے محبت کا منہ بولتا ثبوت، اعدادو شمار کا گورکھ دھندا، خواتین کا ملا جلا ردعمل 

لاہور (رفیعہ ناہید اکرام) پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیکس فری بجٹ پیش کرنے پر حکومت کو مبارکباد، تنخواہوں و پنشن میں اضافہ، ائر ایمبولینس سروس کا اجراء، ہر ضلع میں دانش سکول کا قیام، سمیت تمام پروگرام خوش آئند اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی پنجاب سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ پنجاب کا بجٹ اعدادوشمار کا گورکھ دھندا ہے جس میں غریب کیلئے دھوکے، مہنگائی اور مصیبتوں کے سوا کچھ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ خواتین نے نوائے وقت سے گفتگو میں کیا۔ مسلم لیگ ن کی خواتین ارکان اسمبلی راحیلہ خادم حسین اور حنا بٹ نے کہا کہ بجٹ انتہائی متوازن اور انسان دوست ہے جس میں  کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا اور نہ ہی پہلے سے موجود ٹیکسوں میں اضافہ کیا گیا، کسانوں کے لئے تاریخی بجٹ، جنگلات کی ترقی، مختلف اضلاع میں ماحول دوست بس سروس کا اجراء  خوش آئند ہے۔  محنت کش خواتین شاہدہ اور ناصرہ نے کہا کہ کم از کم ماہانہ اجرت 37 ہزار غریب کے ساتھ مذاق ہے، یونیورسٹی طالبات عافیہ اور کرن نے کہا کہ تعلیم کی مد میں مختص رقم اونٹ کے منہ میں زیرہ کے برابر ہے۔ سکول ایجوکیشن کے ترقیاتی بجٹ میں کمی تعلیم دشمنی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ ورکنگ خواتین نبیلہ شاہین اور فاخرہ اکرم نے کہا کہ تنخواہوں میں اضافہ خوش آئند ہے مگر ویمن ڈویلپمنٹ اور جنوبی پنجاب کی خواتین کے لئے مختص رقم صوبے کی نصف آبادی کے شایان شان نہیں۔ پنشن میں اضافہ تنخواہوں کے برابر کرکے بزرگ پنشنرز پر ظلم بند کیا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن