بڑی کامیابی، بلوچستان میں ٹی ٹی پی مراکز بنانے کی کوشش ناکام، متعدد دہشت گرد گرفتار
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انٹیلیجنس ایجنسی کے اشتراک سے کئے جانے والے ایک آپریشن میں ملک دشمن اور امن دشمن تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے خلاف بہت بڑی کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں ٹی ٹی پی کے مراکز قائم کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے خفیہ اداروں کی معاونت سے کامیاب آپریشن کر کے متعدد انتہائی خطرناک دہشت گرد پکڑے لئے۔ ذرائع کے مطابق پکڑے جانے والوں میں ٹی ٹی پی خوارج کی شوریٰ کا انتہائی خطرناک اور مطلوب کمانڈر بھی شامل ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق نیٹ ورک کے تانے بانے اندرونی و بیرونی دہشتگروں سے ملتے ہیں۔ پکڑے گئے کمانڈر مختلف علاقوں میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ ذرائع کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کی جا رہی ہے جس کے نتیجے میں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان امن دشمن مجرمان سے تحقیقات کے دوران ملک میں موجود مختلف دہشت گردوں کے گٹھ جوڑ کے بارے میں اہم راز افشاں ہونے کی تَوقع کی جا رہی ہے۔ کامیاب انٹیلی جنس آپریشن کے ذریعے ہائی ویلیو اہداف کو حراست میں لینا اور اْن کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانا، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ وارا نہ مہارت اور ریاست کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔