وفاقی بجٹ کے بعد سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، سونے کی قیمت کم، اوپن مارکیٹ میں ڈالر سستا
کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی بجٹ پیش کیے جانے کے اگلے روز ہی پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران زبردست تیزی دیکھی گئی اور سرمایہ کاروں نے منافع بخش حصص میں کھل کر سرمایہ کاری کی جس سے، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 3410 پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔ ماہرین سٹاک نے تیزی کے رجحان کو نئے بجٹ میں ڈیوڈنڈ اور کیپٹل گین ٹیکس میں اضافہ نہ کرنے کو قرار دیا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کو کاروبار حصص میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور کاروبار کی ابتدا سے اختتام تک مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔ کاروباری حجم گزشتہ روز بدھ کی نسبت 116.84فیصد زائد رہا۔ کاروباری تیزی سے سرمایہ کاروں کو 3کھرب 49ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے پاور، سیمنٹ، ٹیلی کام، پیٹرولیم سیکٹر میں نمایاں کاروباری سرگرمیاں رہیں۔ جمعرات کو کاروبار میں تیزی سے ایک موقع پرانڈیکس 76300کی سطح کو عبور بھی کرگیا تھا تاہم کاروبار کی اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس میں 3410.73پوائنٹس کے اضافی سے 76208.16 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح1224.99پوائنٹس بڑھ کر کے ایس ای 30انڈیکس 24438.30پوائنٹس پر آگیا جبکہ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 1662.79پوائنٹس کی تیزی سے 48497.08پوائنٹس اور کے ایم آئی 30انڈیکس 5790.71 پوائنٹس بڑھ کر 125820.75پوائنٹس ہو گیا۔ مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 3 کھرب 49 ارب 73 کروڑ 84 لاکھ 20 ہزار 805روپے بڑھ کر 101کھرب 33ارب 53کروڑ 70لاکھ 14ہزار 714روپے ہو گیا۔ کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کی قیمت میں اتار چڑھاؤ جاری رہا۔ انٹربینک میں ڈالرکی قیمت میں تیزی اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں کمی رہی۔ جمعرات کو انٹربینک میں ڈالر 15 پیسے بڑھ کر 278.70 روپے پر بند ہوا۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 8 پیسے کی کمی ہوئی اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 280.25 روپے پر آگیا۔ یورو کی قیمت فروخت 22پیسے گھٹ کر 299.08روپے اور برطانوی پاؤنڈ 17 پیسے کی کمی سے 253.92 روپے رہ گیا۔ سعودی ریال 29 پیسے کی کمی سے 73.51 روپے اور یو اے ای درہم 31 پیسے گھٹ کر 75.56روپے پر بند ہوا۔ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں کمی آگئی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو ملک بھر کی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 1200 روپے سستا ہوکر 2لاکھ 40ہزار 700روپے رہ گیا اور دس گرام سونے کی قیمت 1029روپے گھٹ کر 2لاکھ 6ہزار 361روپے رہا۔ تاہم عالمی ماکیٹ میں فی اونس سونا 2ڈالر کے اضافے سے2315ڈالر پر پہنچ گیا۔ مقامی مارکیٹ میں چاندی کے فی تولہ بھاؤ 2750روپے پر مستحکم رہے۔