چینی کمپنی کے تعاون سے ہر سال 2 لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی تربیت دی جائے گی: وزیر اطلاعات
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ چین کی نامور ٹیک کمپنی کے ساتھ طے شدہ فریم ورک کے تحت ہر سال دو لاکھ نوجوانوں کو آئی ٹی ٹریننگ دی جائے گی، حکومت تعلیم کے ذریعے نوجوانوں کے روشن مستقبل کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کی پڑھی لکھی ورک فورس دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے لیے ایک قیمتی اثاثہ ہے۔ وہ جمعرات کو ایجوکیشن ایکسپو 2024 سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایجوکیشن ایکسپو کے ذریعے پاکستانی طلبا کو دنیا کی اعلی جامعات میں اپنی اعلی تعلیم کے لئے مواقع تلاش کرنے کا موقع فراہم کیا جا تا ہے۔ ہمارے ملک میں 68فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، یہ نوجوان آبادی پاکستان کے لئے بہت بڑا موقع ہے کیونکہ دنیا میں پڑھے لکھے اور ہنر یافتہ لوگوں کی بہت ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں سے نہ صرف طلباء کو کیرئیر کونسلنگ کا موقع ملتا ہے بلکہ جامعات کو بھی موقع ملتا ہے وہ ٹیلنٹ کو بہتر بنا سکتی ہیں تا کہ وہ بطور شہری پاکستان کی ترقی، جی ڈی پی گروتھ میں کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ہماری حکومت آئی ہے ہمارے معاشی اشاریئے بہتر ہورہے ہیں۔