• news

پاکستان کو مضبوط فوج کی ضرورت ہے: محمود اچکزئی  

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی نے نجی ٹی وی سے گفتگو  میں کہا ہے کہ پاکستان بہت مشکلات کا شکار ہے۔ سب کو ملک کی ترقی کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔ انتخابات بدترین دھاندلی زدہ تھے۔ بانی پی ٹی آئی کسی کو اچھا لگے یا برا یہ انتخابات پی ٹی آئی جیت چکی تھی۔  ہم  سب پر لازم ہے کہ  ہم ملک کو اس بحرانی کیفیت سے نکالیں۔ جو کچھ ہوا اس لئے ہوا کہ پارلیمان کو کبھی بننے اور پنپنے نہیں دیا گیا۔ ہم سب اپنے گناہ تسلیم کر لیں اور وہ وعدہ کریں کہ آئیں پاکستان کو چلاتے ہیں۔ ملک جمہوریت کے بغیر آگے نہیں  جائے گا۔ تمام سیاسی جماعتیں متفق ہو جائیں کہ طاقت کا سرچشمہ پارلیمنٹ ہو گی۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ  ہماری تحریک تحفظ آئین فوج کے خلاف نہیں۔ پاکستان کو ایک مضبوط فوج کی ضرورت ہے۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری سے بھی بات چیت کریں گے۔ لیکن اگر  آصف زرداری اور نواز شریف ہمارے ساتھ نہ آئے تو ایسا وقت آئے گا کہ یہ گھروں سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن