• news

گجرات کی ترقی چودھری شجاعت کا وژن، شہر کو مثالی بنا دیں گے: شافع 

گجرات (نامہ نگار) صوبائی وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے گجرات کا دورہ کیا۔ پی پی 31 سے تعلق رکھنے والی سیاسی و سماجی شخصیات، مسلم لیگ ق کے عہدیداروں سے ملاقات کی۔ صدر گجرات سٹی علی ابرار جوڑا، سابق چیئرمین ظفر رحمانی، افتخار وڑائچ، چوہدری طاہر مانڈہ، مظہر نٹ، طارق سرمد، راجہ سکندر اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر صنعت و تجارت پنجاب چوہدری شافع حسین نے کہا کہ گجرات کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔ گجرات کی تعمیر و ترقی کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی، گجرات میں عوامی فلاح و بہبود کے بے شمار منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔ انڈسٹریل اسٹیٹ 2 کے قیام کے لیے سروے و دیگر ضروری امور سرانجام دئیے جا رہے ہیں۔ سیف سٹی پروجیکٹ کے ذریعے شہر میں 200 سے زائد کیمرے لگائے جائیں گے۔ نواز شریف پارک، شہباز شریف پارک کی تزئین و آرائش کا کام کیا جائے گا۔ بزنس فسیلیٹیشن سینٹر بنے گا، گجرات میں سٹیٹ آف دی آرٹ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی یونیورسٹی بنائیں گے، صوبائی وزیر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم چوہدری شجاعت حسین کے وژن کے مطابق گجرات کو ترقی کے لحاظ سے مثالی شہر بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن