• news

اسحاق ڈار کی زیرصدارت ہوائی اڈوں کی آؤٹ سورسنگ سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد، کراچی اور لاہور کے ہوائی اڈوں کی آئوٹ سورسنگ سے متعلق سٹیئرنگ کمیٹی کا 10واں اجلاس جمعرات کو یہاں میں منعقد ہوا۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیر دفاع و ہوابازی، وزیر قانون و انصاف، سیکرٹری ایوی ایشن، بورڈ آف انویسٹمنٹ، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کی ٹیم نے شرکت کی۔ آئی ایف سی ٹیم نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آئوٹ سورسنگ پر پیشرفت رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں پر مشتمل مختلف کنسورشیمز کے درمیان صحت مند مقابلہ 15 جولائی 2024ء کو متوقع ہے۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی آئوٹ سورسنگ پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا اور اب تک کیے گئے کام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ منصوبے کے مطابق دونوں ہوائی اڈوں کے لئے رعایتی ڈھانچہ اس سال اگست کے وسط تک تیار ہوجائے گا۔ بیان کے مطابق اجلاس میں اس توقع کا اظہار کیا گیا کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی آئوٹ سورسنگ کے نتیجے میں صارفین کو بہتر تجربے کے ساتھ عالمی معیار کی سروس میسر آئے گی۔

ای پیپر-دی نیشن