فیصل آباد: گاڑی کی چنگ چی رکشہ کو ٹکر، 3 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق
فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) ٹریفک دیگر حادثات میں ایک ہی خاندان کی پانچ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جاںبحق ہو گئے، ایکسپریس وے پر تیز رفتار لینڈ کروزر گاڑی کے ڈرائیور نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کرتے چنگ چی رکشہ کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں رکشہ سوار ایک ہی خاندان کی رضیہ ‘ مافیہ‘چار سالہ ماہم ‘ دو سالہ چنی اور تین ماہ کی نور فاطمہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ امجد‘ عبدالرحمان اور 7 سالہ فیضان زخمی ہو گئے‘ زخمیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا‘ چک جھمرہ پولیس نے حادثے کے مرتکب ڈرائیور کو حراست میں لیکر اس کیخلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ‘ 216 ر ب کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے پیدل سڑک کراس کرتی نامعلوم خاتون موقع پر ہی جاںبحق ہو گئی‘ بلال چوک کا رہائشی اسد اپنے دوستوں کے ہمراہ سوئمنگ پول پر نہانے گیا تھا جہاں پر سر میں چوٹ لگنے سے جاںبحق ہوگیا۔