ٹی 20 ورلڈ کپ: امریکہ، آئرلینڈ آج مدمقابل، پاکستان کی نظریں بھی میچ پر
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی مینز ٹی 20ورلڈ کپ میںآج مزید تین میچ کھیلے جائیں گے۔پہلا میچ گروپ سی کی ٹیموں افغانستان اور پاپوا نیو گنی کے درمیان برائن لارا سٹیڈیم تاروبا ٹرینیڈاڈ میں کھیلا جائیگا۔دوسرے میچ میں گروپ بی کی ٹیمیں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور عمان پنجہ آزمائی کریں گی ، یہ ورلڈ کپ کا 28واں میچ ہوگا جو سر ویوین رچرڈز سٹیڈیم نارتھ سانڈ انٹیگامیں کھیلا جائیگا،تیسرا اور آخری میچ گروپ اے کی ٹیموں امریکہ اور آئرلینڈ کے درمیان سینٹرل بروورڈ ریجنل پارک سٹیڈیم ٹرف گرانڈ لاڈر ہل فلوریڈا میں کھیلا جائیگا۔بھارت کی امریکہ کیخلاف جیت کیساتھ ہی پاکستان کے سپر ایٹ میں کوالیفائی کرنے سے ایک رکاوٹ دور ہوگئی ہے۔پاکستان نے اس ورلڈ کپ میں تین میچز کھیلے ہیں جس میں صرف کینیڈا کیخلاف کامیابی حاصل کی ہے، پاکستان کیلئے سپر ایٹ کا راستہ مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں۔گروپ اے کی ٹیموں کے درج ذیل نتائج سپر 8 مرحلے میں پاکستان کی کوالیفائی کو یقینی بنائیں گے۔آج امریکہ بمقابلہ آئرلینڈ‘پاکستان کو آئرلینڈ کی جیت درکار۔جون 15: کینیڈا بمقابلہ بھارت‘ پاکستان کو بھارت کی جیت درکار‘جون 16: آئرلینڈ بمقابلہ پاکستان‘ پاکستان کو جیت درکار۔اگر مذکورہ بالا تمام میچوں کے وہی نتائج آتے ہیں جو درج ہیں تو پاکستان کے چار میچوں میں 4 پوائنٹس ہوں گے، بھارت کے پاس 8 اور امریکہ اور پاکستان کے برابر پوائنٹس ہوں گے۔گروپ مرحلے کے کھیلوں کے اختتام پر کینیڈا اور آئرلینڈ کے 2،2 پوائنٹس ہوں گے۔پاکستان کو آئرلینڈ کیخلاف اپنے نیٹ رن ریٹ کو بہتر بنانے کیلئے بڑے مارجن سے جیت حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی کیونکہ نیٹ رن ریٹ کام آئیگا۔ آئرلینڈ کیخلاف امریکہ نہ جیتے اور نہ میچ بارش کی نذر ہو ورنہ مشکل پاکستان کیلئے ہوگی۔امریکی ریاست فلوریڈا میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال ہے۔فلوریڈا میں طوفان کے سبب پاکستان کا مشن ورلڈ کپ خطرے میں پڑگیا ہے۔آج کا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔میچ نہ ہوسکا اور بارش کے باعث منسوخ ہوگیا تو پاکستان ورلڈکپ سے باہر ہوجائیگا۔لاڈرہل میں بارش اور میدان گیلا ہونے کے باعث پاکستان کرکٹ ٹیم کا پریکٹس سیشن منسوخ کردیا گیا۔آج بارش کے امکانات جو پہلے 90 فیصد بتائے جا رہے تھے کم ہو کر 70 فیصد ہو گئے ہیں۔