پولیس فورس فیملی کی مانند‘آئی جی کی ملازمین ‘اہل خانہ سے ملاقات
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر اور درپیش مسائل کا ازالہ اولین ترجیحات میں شامل ہے، تمام سپروائزری افسران ماتحت سٹاف کی پیش کردہ درخواستو ں اور مسائل کا فی الفور ازالہ یقینی بنائیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پولیس فورس ایک فیملی کی مانند ہے، ملازمین کے اہل خانہ کو درپیش مسائل کے ازالے کیلئے کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے، ویلفیئر، ڈسپلن اورریکروٹمنٹ سے متعلقہ تمام درخواستوں پر فوری ایکشن سے ریلیف فراہم کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ آئی جی پنجاب نے پولیس ملازمین و فیملیز کی پیش کردہ درخواستیں سن کرازالے کیلئے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہاکہ تمام افسران ملازمین اور انکے اہل خانہ کی پیش کردہ درخواستوں پر فوری ایکشن لے کر رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔