• news

فیک نیوز خاتمہ کیلئے سب کوکردار ادا کرنا ہوگا : عطاتارڑ 

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ وثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ فیک نیوز کے خاتمے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کیلئے قانون سازی میں تمام صحافتی تنظیموں اور سٹیک ہولڈرز کی آراء شامل ہونی چاہئیں، ہماری کوشش ہوگی کہ صحافیوں کے حقوق کے ضامن بنیں، صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز یہاں نیشنل پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر وزیراعظم سے صحافی برادری کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کی فلاح وبہبود کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہے اور کرتی رہے گی۔ صحافیوں کیلئے ہیلتھ انشورنس سکیم کی بحالی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے ہیلتھ انشورنس سکیم کا آغاز کیا تھا، یہ سکیم اب دوبارہ بحال کر دی گئی ہے، اس سکیم کے پہلے مرحلے میں پانچ ہزار صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی ہیلتھ انشورنس ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید ایک ہزار صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہیلتھ انشورنس ملے گی۔  صحافیوں کی دوران سروس غیر فطری موت کی صورت میں بھی مالی معاونت کو ہیلتھ انشورنس میں شامل کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن