• news

منیٰ میں روح پرور مناظر : عازمین جج آ ج رکن اعظم ادا کرینگے 

مکہ مکرمہ  (ممتاز بڈانی)  پانچ روزہ مناسک حج کی ادائیگی کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگیا۔ منیٰ میں لاکھوں حجاج کی خیمہ بستیوں نے روح پرور منظر پیدا کر دیا۔ لبیک الھم لبیک  کی صدائیں گونجتی رہیں ۔ دنیا بھر سے 15 لاکھ عازمین حج کیلئے سعودی عرب پہنچے ہیں، جن میں ایک لاکھ 60 ہزار پاکستانی عازمین بھی فریضہ حج ادا کریں گے جبکہ تقریباً 4 لاکھ مقامی عازمین اس سال فریضہ حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ منیٰ میں قیام کے دوران حجاج نے پانچ وقت کی نماز ادا کی اور عبادات کیں۔  عازمین حج میدان عرفات پہنچ گئے آج حج کا رکن اعظم ادا کریں گے ۔ میدان عرفات میں حج کے خطبہ کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ملا کر پڑھی جائے گی۔ آج مغرب سے پہلے حجاج کرام مزدلفہ کی طرف روانہ ہوں گے جہاں وہ مغرب اور عشاء کی نماز اکٹھی پڑھیں گے جبکہ مزدلفہ میں ہی حجاج شیطان کو کنکریاں مارنے کیلئے کنکریاں اکٹھی کریں گے۔ حجاج کرام رات مزدلفہ میں ہی گزاریں گے جہاں وہ آرام کرنے کے ساتھ ساتھ عبادات بھی کریں گے۔ کل اتوار کی صبح حجاج کرام کی منیٰ میں واپسی ہوگی جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد وہ جانور قربان کر کے سنت ابراہیمی ادا کریں گے، اس کے ساتھ ہی عازمین کا فریضہ حج مکمل ہو جائے گا جس کے بعد وہ اپنا سر منڈوا کر احرام کھول کر عام لباس پہنیں گے جبکہ خواتین اپنے چوتھائی سر کے بالوں کا انگلی کی ایک پور برابر بال کٹوائیں گی۔ حجاج کرام کل 16 جون کو ہی بیت اللہ کے طواف کیلئے مکہ روانہ ہوں گے، اور طواف کے بعد منیٰ واپس آ جائیں گے۔ 17 جون بروز پیر کو حجاج کرام ایک بار پھر رمی جمرات کریں گے اور سارا دن اور رات عبادت میں گزاریں گے۔ 18 جون منگل کو آخری بار تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مغرب ہونے سے پہلے منیٰ کی حدود سے نکل جائیں گے۔ رواں سال سعودی حکام نے صرف حج پرمٹ اور نسک کارڈ رکھنے والے عازمین کے مقامات مقدسہ میں داخل ہونے کو یقینی بنانے کے لئے، اقدامات کو سخت کیا ہے‘ سکیورٹی کے شاندار انتظامات کئے گئے۔ مکہ مکرمہ کے گلیاں کوچے لبیک اللھم  لبیک کی صدائوں سے گونج اٹھے۔ مغرب کے وقت تمام حجاجِ کرام کو ٹرین کے ذریعے میدان عرفات سے مزدلفہ لے جایا جائے گا۔ جہاں پہنچ کر حجاجِ کرام مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کریں گے، یہاں سے  70 عدد کنکریاں اکٹھی کریں گے اور رات بھر مزدلفہ میں آرام کریں گے۔ حجاج قربانی کا جانور ذبح کریں گے  سر کے بال منڈوا کر اپنے احرام کھول دیں گے۔ یاد رہے کہ اس مرتبہ سرکاری حج سکیم کے تحت 70 ہزار جبکہ پرائیویٹ سکیم کے تحت 90 ہزار پاکستانی حج کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ منیٰ‘ مزدلفہ اور عرفات میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن