• news

مقبوضہ کشمیر : تلاشی کارروائیوں میں تیزی ، چندروزں میں 100سے زائد افراد گرفتار

سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوج نے مختلف علاقوں میں پر محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں میں تیزی لائی ہے۔بھارتی فوجیوں، پیرا ملٹری، سپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) اور ویلج ڈیفنس گارڈ (وی ڈی جی) کے اہلکاروں نے ریاسی، کٹھوعہ، ڈوڈہ، راجوری، پونچھ اور سانبہ اضلاع میں گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا۔بھارتی فورسز اہلکاروں نے گزشتہ چند دنوں کے دوران 100 سے زائد افراد کو حراست میں لیا جن میں زیادہ تر مسلمان ہیں۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے تمام سکولوں میں صبح کی اسمبلی میں بھارتی قومی ترانہ لازمی قرار دے دیا گیا۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے مقبوضہ کشمیر کے تمام سکولوں کو ہدایت کی ہے کہ صبح کی اسمبلی کا آغاز قومی ترانے سے کیا جائے۔ جبکہ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ایک شخص پراسرار حالت میں مردہ پایا گیا۔ ضلع کے علاقے رفیع آباد میں 32 سالہ صدام حسین حجام اپنے گھر میں مشتبہ حالت میں مردہ پایا گیا۔ شمالی کشمیر  کے ضلع بارہمولہ میں ایک سڑک حادثے میں 3 افراد جاں  بحق جبکہ 20 زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت بشیر احمد ، عبدالرشید خان اور نور محمد خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ حادثہ بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا ہے۔ ضلع راجوری میں سڑک کے حادثے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ ضلع میں نوشہرہ سیکٹر کے گائوں بھوانی کے قریب اس وقت پیش آیا جب بھارتی فوجیوں کی گاڑی سڑک سے پھسل کر کھائی میں جاگری۔

ای پیپر-دی نیشن