• news

پرویز الٰہی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی حاضری معافی کی درخواست منظور 

لاہور ( این این آئی) سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی پر غیرقانونی بھرتیوں کے کیس میں گزشتہ روز بھی فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت میں چودھری پرویز الٰہی کے خلاف غیرقانونی بھرتیوں کے کیس کی سماعت ہوئی، اینٹی کرپشن عدالت کے ڈیوٹی جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس پر سماعت کی۔رہنما پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی بیماری کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوئے، وکلا کی جانب سے سابق وزیراعلی کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔دوران سماعت چودھری پرویز الٰہی کا میڈیکل سرٹیفکیٹ بھی اینٹی کرپشن کورٹ میں پیش کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹرز نے پرویز الٰہی کو سفر کرنے سے روک رکھا ہے، سابق وزیراعلی کی پسلی کا فریکچر ابھی ٹھیک نہیں ہوا۔میڈیکل رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی کو دل کی تکلیف بھی ہے ان کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔بعدازاں عدالت نے چودھری پرویز الٰہی کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس پر مزید سماعت 27جون تک کے لئے ملتوی کر دی۔عدالت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آئندہ سماعت پر سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الٰہی سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ 

ای پیپر-دی نیشن