سینٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے انتخابات کا سلسلہ جاری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کے انتخابات کا سلسلہ جاری رہا اور ایوان بالا کی متعدد کمیٹیوں کے چیئرمین منتخب کر لئے گئے۔ سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن چیئرپرسن کے طور پر منتخب کیا گیا۔ کمیٹی کے چیئرمین کے لئے ان کا نام سینیٹر ندیم احمد بھٹو نے تجویز کیا جبکہ سید کاظم علی شاہ نے اس کی تائید کی۔ سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان نے تمام اراکین کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور زندگی کے ہر شعبے میں آئی ٹی کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے کی بہتری کے لئے مل کر کام کریں گے اور ایسی سفارشات مرتب کی جائیں گی جس سے مزید بہتری لائی جا سکے۔ سینیٹر ناصر محمود کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین کے طور پر منتخب کر لیا گیا۔ ان کا نام بطور چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر اسلم ابڑو نے تجویز کیا جبکہ حسنہ بانو نے تائید کی۔ سینیٹر ناصر محمود نے کہا کہ تمام اراکین کمیٹی کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ کے مسائل اور معاملات انتہائی اہم ہیں کمیٹی کی یہ کوشش ہو گی کہ ایسے اقدامات اٹھائے جس سے بہتری لائی جا سکے۔ سینیٹر انوشہ رحما ن احمد خان سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس کی چیئرپرسن منتخب ہو گئیں۔ قائمہ کمیٹی کی چیئرپرسن کے لئے ان کا نام سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے تجویز کیا جبکہ سینیٹر سرمد علی نے ان کی تائید کی۔