لاہور پولیس ‘پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے درمیان کوارڈینیشن موثر بنانے پر اتفاق
لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد علی شاہ کی صدارت میںاہم اجلاس ہوا۔ لاہور پولیس اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کے درمیان محکمانہ کوارڈینیشن کو مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ سی سی پی او نے کہا کہ لاہور پولیس اور پراسیکیویشن ڈیپارٹمنٹ کے مابین بہترین کوارڈینیشن سے زیر تفتیش مقدمات کی برق رفتاری سے تکمیل ممکن ہو گی۔ زیر ِ التواء کیسز کے چالانوں کی بروقت تکمیل کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ پراسیکیوٹر جنرل نے زیر ِ التواء مقدمات کی جلد تکمیل کے عزم کا اظہارکیا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیس اور پراسیکیوٹرز پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں زیر تفتیش کیسز کے چالان پر مل کر کام کریں گی۔ پراسیکیوٹرز کو لاہور کے پولیس سٹیشنزمیں دفاتر مہیا کرنے کااصولی فیصلہ بھی کیا گیا جس کے تحت مقدمات کو تیزی سے یکسو کرنے کیلئے پراسیکیوٹرز پولیس سٹیشنز میں فرائض سر انجام دیں گے۔ تفتیشی افسران پراسیکیوٹرز سے قانونی امور پر راہنمائی لیں گے اورپراسیکیوٹرز زیر تفتیش کیسز میں تاخیر کا باعث بننے والے قانونی سقم کی نشاندہی کریں گے۔