پاکستان ٹیم ورلڈکپ 2026ء میں براہ راست کوالیفائی کرجائیگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم اس ورلڈ کپ کے سْپر ایٹ مرحلے میں نہ بھی پہنچ سکی تو 2026ء کے ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم براہ راست کوالیفائی کریگی۔ اگلا ورلڈ کپ 2026ء میں بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائیگا جس میں میزبان ممالک سمیت 12 ٹیمیں براہ راست کوالیفائی کرینگی۔اگلے ورلڈ کپ کیلئے سْپر ایٹ مرحلے کی 8، میزبان ملک کی 2 اور بہتر رینکنگ کی بنیاد پر مزید 2 ٹیمیں براہ راست ایونٹ کھیلنے کی اہل ہوں گی،ان 2 ٹیموں کے رینکنگ پوائنٹس 30 جون 2024ء کی بنیاد پر دیکھے جائیں گے۔بھارت سْپر ایٹ مرحلے میں پہنچنے کی وجہ سے اگلے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرچکا ہے تاہم سری لنکا اِس ورلڈ کپ کے سْپر ایٹ مرحلے میں نہیں پہنچا ہے لیکن 2026ء کی میزبانی کی وجہ سے اس نے اگلے ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا ہے جس کے بعد اب صورتحال یوں ہیں کہ دو سے تین ٹیمیں رینکنگ پوائنٹس کی بنیاد پر 2026ء ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کریں گی۔ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء میں اب تک پاکستان اور انگلینڈ نے سْپر ایٹ مرحلے کیلئے کوالیفائی نہیں کیا ہے جبکہ نیوزی لینڈ ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے لیکن موجودہ رینکنگ پوائنٹس کی بنیاد پر تینوں ٹیمیں ممکنہ طور پر 2026ء ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کر جائیں گی۔