حافظ آباد میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد ٹرانسپورٹ کرائے 4 فیصد کم
حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے بعد ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 4 فیصد کمی کر دی۔ ڈپٹی کمشنر میڈم سندس ارشاد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی حمد اللہ نے تمام ٹرانسپورٹرزاور اڈہ منیجرز کو ہدایت کی کہ حافظ آباد سے دیگر شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں جو کمی کی گئی ہے اس کا اطلاق فوری طور پر ہو گا۔ تمام اڈہ منیجر ز اپنے ویگن اور بس اڈوں پر نئے کرائے ناموں کی لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔ دریں اثناء ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل و سیکرٹری آر ٹی اے حمد اللہ، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین اور اے سی پنڈی بھٹیاں محمد اشفاق احمد نے مختلف ویگن و بس اڈوں کا دورہ کرتے ہوئے نئے کرائے نامے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا جائزہ لیا۔