• news

 حکومت بزنس کمیونٹی کے جائز مسائل  حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی،خواجہ آصف 

فیصل آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے یقین دلایا ہے کہ حکومت بزنس کمیونٹی کے جائز مسائل کو حل کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی۔ وہ آج سیالکوٹ اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے ایک مشترکہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے جس نے انہیں حالیہ وفاقی بجٹ کے حوالے سے اپنے تحفظات اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کی نمائندگی صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کی اور کہا کہ بنیادی نوعیت کے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ معیشت کو ٹھوس اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے علاوہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں بھی مہیا کی جا سکیں۔ انہوں نے مختلف مسائل کے بارے میں اپنی سفارشات تحریری طور پر وفاقی وزیر کو پیش کیں۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام اور تاجر دوست ہے وہ جائز مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوششیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی ٹھوس بنیادوں پر بحالی موجودہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کا مشترکہ عزم ہے اور اس کیلئے اُن کو مل کر جدوجہد کرنا ہو گی۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اُن کی جائز سفارشات کو نہ صرف متعلقہ وزارتوں تک پہنچائیں گے بلکہ اُن کے حل کیلئے بھی اپنا ہر ممکن اثر و رسوخ استعمال کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن