• news

سانگھڑ: اونٹ کھیت میں گھس گیا‘ وڈیرے نے ٹانگ کاٹ دی‘ 5 ملزم گرفتار

سانگھڑ (نوائے وقت رپورٹ) سانگھڑ پولیس نے اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والے بااثر وڈیرے کی بجائے منگلی تھانے میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سانگھڑ کے علاقے منڈھ جمڑاؤ میں دل خراش واقعہ پیش آیا تھا۔ بااثر وڈیرے کی زرعی زمین میں اونٹ داخل ہوا تو وڈیرے کو غصہ آگیا اور ملازمین کے ہمراہ مل کر اونٹ کو پکڑ کر پہلے تشدد کیا، پھر بھی غصہ ٹھنڈا نہ ہوا تو تیز دھار آلے سے اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی۔ دوسری جانب اونٹ کا مالک سومر بھن کٹی ہوئی ٹانگ لیکر پریس کلب سانگھڑ جا پہنچا جہاں احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ظالم بااثر نے اس کی زمین میں سے گزرنے پر بے زبان اونٹ کی ٹانگ کاٹ دی۔ مالک کے احتجاج کے بعد معاملہ میڈیا پر اٹھا تو سانگھڑ پولیس نے بھی میڈیا پریشر ختم کرنے کے لیے بااثر وڈیرے پر مقدمہ درج کرنے کی بجائے نامعلوم افراد کے خلاف سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ دوسری جانب زخمی اونٹ کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں وڈیرے کے ظلم پر اونٹ کو بلبلاتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ دریں اثناء گورنر سندھ نے سانگھڑ میں بااثر وڈیرے کے ظلم کا شکار شخص کو 2 اونٹ دینے کا اعلان کیا۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کھیت میں داخل ہونے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹ دینا انسانیت نہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اونٹ کی ٹانگ کاٹ کر غریب سے اس کی روزی بھی چھینی گئی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ دورہ حیدر آباد کے دوران سانگھڑ کے متاثر شخص کو اونٹ دوں گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس اصل ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرے اور شہری کو انصاف دیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بھی واقعہ کا نوٹس لیا۔ اس حوالے سے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر کے 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزموں اور اونٹنی کے مالک میں معاملات طے ہو چکے تھے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ انسانی طور پر یہ ناقابل قبول ہے‘ اس لئے ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ایس ایس پی اعجاز شیخ نے کہا ہے کہ اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے الزام میں 5 ملزم گرفتار کر لئے جن میں سے 2 نے اعتراف جرم کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن