• news

لاہور: لاکھوں کی وارداتیں‘ بہاولپور کا بیوپاری گوجرانوالہ میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل

لاہور (نامہ نگار) ڈاکوؤں اورچوروں نے شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں،گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ جبکہ گوجرانوالہ میں بیوپاری کو قتل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے نواں کوٹ کے علاقے میں تصور کے گھر گھس کر اہلخانہ کو  یرغمال بنا کر ساڑھے 5لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، جوہر ٹاؤن کے علاقے میں یاسین اور اس کی فیملی سے 3لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، رائیونڈ سٹی کے علاقے میں سلیمان سے 31 ہزار روپے، غازی آباد کے علاقے میں عادل سے 20ہزار روپے اور موبائل فون، کوٹ لکھپت کے علاقے میں مجید سے 15 ہزار روپے اور موبائل فون، اقبال ٹاؤن کے علاقے میں فرہاد  سے 40 ہزار روپے اور موبائل فون، لیاقت آباد کے علاقے میں حسیب سے 50ہزار روپے اور موبائل فون، بادامی باغ میں ضمیر احمد سے 56 ہزار روپے اور موبائل فون، ریس کورس کے علاقے میں شکیل سے 10ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے باٹا پور، ڈیفنس، لاری اڈا، مانگا منڈی کے علاقوں میں سے چارگاڑیاں جبکہ فیکٹری ایریا، ساندہ، نشتر کالونی، ریس کورس، سندر،کاہنہ، غالب مارکیٹ اور اچھرہ کے علاقوں میں سے آٹھ موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔ دریں اثناء بہاولپور کے بیوپاری محمد اسماعیل اور غلام مصطفیٰ گوجرانوالہ پیپلز کالونی کے علاقہ تکبیر روڈ  پر قربانی کے جانور فروخت کر رہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار تین ڈاکوؤں نے 87 ہزار روپے اور موبائل فونز چھین لئے اور فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں گولیاں لگنے سے اسماعیل موقع پر ہی جاں بحق اور غلام مصفطیٰ شدید زخمی ہو گیا۔

ای پیپر-دی نیشن