• news

آئی ایم ایف شرائط پر پیشگی عملدرآمد، بجلی صارفین 2116 سے ارب روپے کیپسٹی چارجز لینے کا فیصلہ

اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ) آئی ایم ایف کو منانے کے لئے حکومت نے شرائط پر پیشگی عملدرآمد شروع کر دیا، آئندہ مالی سال میں بجلی کے صارفین سے 2116 ارب روپے کیپسٹی چارجز لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ بجلی کے یونٹ کی بنیادی قیمت 27 روپے66 پیسے فی یونٹ، بجلی کی قیمت9 روپے69 پیسے اور کیپسٹی چارجز17 روپے 66 پیسے فی یونٹ مقرر کر دیئے گئے، آئندہ مالی سال میں بجلی کے صارفین س مجموعی طور پر3277 ارب روپے وصول کئے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی کی قیمت کی مد میں1116 ارب روپے اور کیپسٹی چارجز کی مد میں2116 ارب روپے وصول کئے جائیں گے، نیپرا نے آئندہ مالی سال میں صارفین کو بجلی کی فروخت سے متعلق فیصلہ جاری کر دیا، فیصلے کا اطلاق ملک بھر کے تمام صارفین پر ہوگا۔ نیپرا ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال میں فرنس آئل سے 87 روپے فی یونٹ تک بجلی پیدا کرنے کا تخمینہ، ونڈ سے37 روپے اورسولر سے 36 روپے فی یونٹ بجلی پیدا کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے جبکہ درآمدی کوئلے سے 371 روپے تک فی یونٹ بجلی پیدا ہو سکے گی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ مالی سال میں ایل این جی سے 30 روپے فی یونٹ، پن بجلی کی پیداواری لاگت6 روپے 18 پیسے فی یونٹ تک ہونے کا تخمینہ لگایا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن