قطر میں مذاکرات کا تیسرا دور 30 جون کو ہوگا، طالبان شرکت پر آمادہ
کابل (نوائے وقت رپورٹ) گزشتہ مرتبہ افغانستان پر اقوام متحدہ کے مذاکرات میں شرکت سے انکار کرنے والے افغان طالبان حکام اس ماہ قطر میں ہونے والے مذاکرات کے تیسرے دور میں شرکت کریں گے۔ خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق افغانستان کے لئے غیر ملکی نمائندہ خصوصی کی کانفرنس میں طالبان حکومت کی شرکت گفتگو کے پہلے دور میں شرکت نہ کرنے اور فروری میں ہونے والے دوسرے دور میں شرکت سے انکار کی وجہ شکوک و شبہات کا شکار تھی۔ حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اے ایف پی کو بتایا کہ امارات اسلامیہ کا وفد اگلی دوحہ کانفرنس میں شرکت کرے گا۔ وہ وہاں افغانستان کی نمائندگی کرتے ہوئے افغانستان کے موقف کا اظہار کریں گے۔ دوحہ میں یہ مذاکرات 30 جون اور یکم جولائی کو ہونے والے ہیں۔ ذبیح اللہ مجاہد نے اتوار کو افغان میڈیا کو بتایا کہ ایک وفد کانفرنس میں شرکت کرے گا کیونکہ مذاکرات کا ایجنڈا افغانستان کے لئے سودمند دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے ایجنڈے میں افغانستان کے لئے امداد اور افغانستان میں سرمایہ کاروں کے لئے مواقع پیدا کرنے جیسے موضوعات شامل ہیں جو اہمیت کے حامل ہیں۔