مقبوضہ کشمیر : مسلمان بچوں کو سکول اسمبلی میں بھارت کا قومی ترانہ پڑھنے پر مجبور کیا جارہا : حریت کانفرنس
سری نگر(کے پی آئی) کل جماعتی حریت کانفرنس نے اسکول بچوں کو صبح کی اسمبلیوں میں بھارت کاقومی ترانہ گانے کے لئے مجبور کرنے پر مودی حکومت کی شدید مذمت کی ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس حکم نامے کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں تعلیمی اداروں کے خلاف بی جے پی حکومت کی طرف سے شروع کی گئی ریاستی دہشت گردی قرار دیا۔بی جے پی کی حکومت نے مقبوضہ علاقے کے تمام اسکولوں کو صبح کی اسمبلیوں میں بھارت کاقومی ترانہ گانے کا حکم دیا ہے تاکہ کشمیری مسلمان طلبا کو اپنے مذہبی اور ثقافتی ورثے کو ترک کرنے پر مجبورکیا جائے۔حریت ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس اقدام کا مقصد علاقے کی مسلم شناخت کو مٹانا اور مسلم اکثریت والے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں ہندوتوا نظریہ مسلط کرنا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بی جے پی حکومت کے اس ظالمانہ رویے کی بھی شدید مذمت کی جس کے تحت اس کے رہنمائوں اور خواتین سمیت ہزاروں کشمیریوں کو گزشتہ سات سال سے غیر قانونی طورپر نظربند رکھا گیا ہے۔