پاکستان فرنیچر کونسل ٹیکس ورلڈ پیرس ایکسپو میں شرکت کریگی :میاں کاشف اشفاق
لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل یکم جولائی سے 3 جولائی تک فرانس میں منعقد ہونے والی ٹیکس ورلڈ پیرس ایکسپو میں شرکت کرے گی اور چن ون کے تعاون سے جدید ڈیزائنوں اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات کی نمائش کرے گی۔ محمد اریب کی قیادت میں درآمد و برآمد کنندگان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ اس ایکسپو میں شرکت چن ون کے عالمی سطح پر اپنی موجودگی کو بڑھانے اور پاکستانی دستکاری کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی صنعت سے وابستہ دنیا بھر سے ادارے، تنظیمیں اور افراد شرکت کرتے ہیں۔ پی ایف سی اور چن ون اس نمائش میں پاکستان کے روایتی اور عصری ڈیزائنوں کے اچھوتے امتزاج کے حامل فرنیچر اور گھریلو سجاوٹ کی اشیاء کی نمائش کریں گے جو ہمارے بھرپور ثقافتی ورثے اور جدت کی عکاسی کرتے ہیں۔ پی ایف سی اور چن ون کا مقصد نئے کاروباری تعلقات کا فروغ، مارکیٹ رجحانات اور بین الاقوامی خریداروں کی ترجیحات کے بارے میں آگاہی حاصل کرنا ہے۔