``بجٹ عوام دشمن، تنخواہ دار طبقے پر ایٹم بم گرانے کے مترادف: حافظ نعیم الرحمن
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بجٹ عوام دشمن، تنخواہ دار، مڈل کلاس پر ایٹم بم گرانے کے مترادف ہے، وفاق اور سندھ کے بجٹ میں کراچی کے لیے کوئی نیا منصوبہ نہیں، کراچی کو اعلانات کی نہیں کے فور، ایس تھری منصوبہ تکمیل سمیت نئے پروجیکٹ کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت نے مڈل کلاس تنخواہ دار طبقے پر حملہ کرکے 360ارب روپے جبکہ جاگیرداروں سے صرف 4ارب روپے ٹیکس وصول کیا، دوسرے ممالک میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دیا جاتا ہے، ہمارے ہاں 25 سے 30 فیصد ٹیکس عائد کر کے مجبور کیا جاتا ہے کہ وہ بیرون ملک چلے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں دفاع کے بجٹ پر کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن دفاع کرنے والوں کے ذاتی مراعات میں اضافہ جائز نہیں، جب قوم قربانی دے رہی ہے تو پھر سب کو قربانی دینی چاہئے، اسی طرح 2سال میں 13500ارب روپے دبئی لیکس منی ٹریل میں فوج، سیاستدان، بیوروکریٹ سب شامل ہیں ان سے ٹیکس کیوں وصول نہیں کیا جاتا۔