سرکاری ملازمین کے مسائل حل کرنے کیلئے کردار ادا کریں گے: طارق فضل
اسلام آباد (خبر نگار) مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سرکاری ملازمین کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروا دی ہے، آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے وفد نے چیف کوآرڈینیٹر رحمان علی باجوہ کی قیادت میں اسلام آباد سے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر طارق فضل چوہدری سے ملاقات کی۔ وفد میں فیڈرل گورنمنٹ کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن کے ساتھ ساتھ بہت سی دوسری یونینز کے نمائندے بھی شامل تھے۔ ملاقات کا مقصد سرکاری ملازمین کو درپیش اہم مسائل کو حکومت تک پہنچانا تھا۔ رحمان علی باجوہ نے پاک پی ڈبلیو ڈی کے محکمے کے ممکنہ خاتمے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے تنخواہوں پر بڑھے ہوئے ٹیکسوں اور طویل عرصے سے منجمد ہائوس رینٹ، میڈیکل اور کنوینس الانسز میں اضافے کا مطالبہ کیا جنہیں مہنگائی کے تناسب سے ایڈجسٹ نہیں کیا گیا۔ فیڈرل گورنمنٹ کالج ٹیچرز ایسوسی ایشن کی نائب صدر پروفیسر تسنیم اختر میر نے وفاقی سرکاری کالجوں میں اساتذہ کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی جس میں خاص طور پر ہائرنگ کی ادائیگی میں تاخیر، اساتذہ کی ترقیوں کے مسائل، اور تدریسی عملے کی شدید کمی وغیرہ شامل تھے۔ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وفد میں شامل تنظیموں کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ وہ ان مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔