• news

سانگھڑ میں زخمی اونٹ علاج کیلئے کراچی منتقل، مصنوعی ٹانگ لگائی جائے گی 

کراچی (این این آئی) سندھ کے علاقے ضلع سانگھڑ میں کھیت میں گھسنے پر بااثر افراد کے ہاتھوں زخمی ہونے والے اونٹ کو مصنوعی ٹانگ لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپورکی ہدایت پر زخمی اونٹ کو کراچی کے اینیمل شیلٹر پہنچا دیا گیا ہے۔ اینیمل ویلفیئر کمیٹی کے ارکان اور رہنما پیپلز پارٹی جام شبیر اور سمیتا سید نے زخمی اونٹنی کو اپنی نگرانی میں کراچی پہنچایا۔ پیپلز پارٹی کے رہنما کے مطابق اینیمل شیلٹر کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے زخمی اونٹ کا علاج شروع کر دیا ہے۔ فریال تالپور کے احکامات پر زخمی اونٹ کو سانگھڑ سے لے کر آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی اونٹ کا مکمل علاج کیا جائے گا اور مصنوعی پاؤں لگا کر اسے چلنا بھی سکھایا جائے گا۔ علاوہ ازیں سانگھڑ کے علاقے منڈھ جمڑاؤ میں اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والے ملزموں کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔ ایس ایس پی سانگھڑ اعجاز شیخ کے مطابق سیشن کورٹ نے گرفتار 5 ملزموں کا 4 روز کا جسمانی ریمانڈ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانچوں ملزموں کو گزشتہ روز اونٹ کی ٹانگ کاٹنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، جن میں سے 2 ملزموں نے اعترافِ جرم بھی کر لیا ہے۔ جبکہ فلاحی ادارے شیلٹر اینیمل کے منیجر کا کہنا ہے کہ متاثرہ اونٹ کا مالک ملزموں کی نشاندہی نہیں کر رہا۔ ایک بیان میں مینجر نے کہا کہ ایف آئی آر اس لیے نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے۔ اونٹ کے مالک کو معاوضہ دے دیا گیا ہے۔ اونٹ کے صحت یاب ہونے کے بعد مصنوعی ٹانگ سے متعلق فیصلہ ہو گا۔ منیجر کا کہنا ہے کہ دبئی میں اونٹوں کے لئے مصنوعی ٹانگ بنانے والی کمپنی سے رابطہ کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن