عیدالاضحی مسلمانوں کیلئے ایثار ‘ محبت ورواداری کے جذبات کی تجدید کادن : پیر منور جماعتی
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) سجادہ نشین حضرت امیر ملت مہرالملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں تمام اہل وطن اور دنیابھر کے مسلمانوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن تمام مسلمانوں کیلئے ایثار، قربانی اور محبت و رواداری کے جذبات کی تجدید کا دن بھی ہے جو حضرت ابراہیم خلیل اللہ اور حضرت اسماعیل ذبیح اللہ کی بیمثال قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کا اسوہ یہ پیغام دیتا ہے کہ نمرودی طاقتوں کے اگے سر نہیں جھکانا چاہے اس کیلئے اپنی جان و مال گھر اولاد کو قربان کرنا پڑے، اصل کامیابی اللہ کی رضا کا حصول ہے۔ اسوہ ابراہیمی کی اصل تصویر فلسطینی مسلمان پیش کر رہے ہیں، دوسری جانب مسلمان حکمرانوں نے اپنے ذاتی مفادات اور عیش و عشرت کیلئے پوری قوم کو امریکہ کا غلام بنا دیا ہے جو کشمیر و فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام دیکھتے ہوئے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ حج اور قربانی حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت خداوندی، لازوال عشق اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا کی داستان ہے۔