ملک کو ترقی دینی ہے تو سب کچھ نجی شعبہ کے حوالے کرنا ہوگا: وزیر خزانہ
پیر محل+کمالیہ (نامہ نگار+آئی این پی) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی دینی ہے تو سب کچھ نجی سیکٹر کے حوالے کرنا ہوگا، عوام ہراسمنٹ کی وجہ سے ایف بی آر کے ٹیکس نیٹ میں نہیں آنا چاہتے۔ پنجاب کے شہر کمالیہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی موجودہ شرح 9.5 فیصد پائیدار نہیں، خیرات سے سکول، یونیورسٹیز اور ہسپتال تو چل سکتے ہیں، مگر ملک صرف ٹیکس سے چل سکتا ہے، اس لیے ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح کو بتدریج 13.5 فیصد تک لے جانا پڑے گا، اس کا پہلا طریقہ یہ ہے کہ وہ تمام شعبے جو پہلے ڈائریکٹ ٹیکس میں شامل نہیں تھے، انہیں اس میں لانا ہوگا۔ دوسرا یہ ہے کہ 39 کھرب روپے کی ٹیکس چھوٹ کو بتدریج ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم باقی شعبوں کو بھی ٹیکس نیٹ میں لا رہے ہیں، 32 ہزار ریٹیلرز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور جولائی سے ان پر ٹیکس کا اطلاق ہوگا۔