بھارت کو کشمیر کے حوالہ پر اعتراض کا حق نہیں: دفتر خارجہ
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کے حوالے سے بھارت عالمی برادری کو گمراہ نہ کرے۔ بھارت کو 8 جون کو جاری ہونے والے پاک-چین مشترکہ بیان میں جموں و کشمیر کے حوالہ جات پر اعتراض کا کوئی حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے، جموں و کشمیر کا تنازع 7 دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر ہے۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ریاست جموں و کشمیر کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق کیا جائے گا، جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آزادانہ اور غیر جانب دارانہ رائے شماری کرائی جائے گی۔ بھارت کو جلد از جلد جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔ اس پس منظر میں جموں و کشمیر پر بھارتی دعوے بالکل بے بنیاد اور غلط ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سی پیک اہم ترقیاتی کوشش ہے، جس پر دو خودمختار ممالک نے اتفاق کیا ہے۔