• news

حملے میں زخمی مولانا مرزا جان جاں بحق، حکومتی کارکردگی پر بدنما داغ ہے: فضل الرحمن

 جنوبی وزیرستان+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) چند روز قبل قاتلانہ حملے میں زخمی ہونے والے جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا مرزا جان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔ مولانا مرزا جان چند روز قبل فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے تھے اور سی ایم ایچ پشاور میں زیر علاج تھے جہاں وہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے چل بسے۔ جے یو آئی رہنما مولانا مرزا جان وزیر کی میت وانا پہنچا دی گئی ہے۔ ان کی نماز جنازہ سپورٹس کمپلیکس میں ادا کی جائے گی جبکہ ان کی تدفین سانگہ میں ہوگی۔ سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے مولانا مرزا جان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مرزا جان پر قاتلانہ حملہ حکومت کی کارکردگی پر بدنما داغ ہے، بے امنی اور علماء کی ٹارگٹ کلنگ نے قوم میں عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے مولانا مرزا جان وزیر کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ریاستی ادارے قبائلی علاقوں میں اپنی رٹ کھو چکے ہیں۔ جے یو آئی رہنما مولانا مرزا جان کی قاتلانہ حملے میں شہادت حکومت اور اداروں کی کارکردگی پر بدنما داغ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقے میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور علماء کی ٹارگٹ کلنگ نے قوم کے اندر عدم تحفظ کا احساس پیدا کیا ہے۔ سکیورٹی ادارے سکیورٹی کے علاوہ ہر معاملے میں مداخلت کرکے ملک کو بنانا ریپبلک بنا رہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال سے واضح ہوتا ہے کہ حکومت اور ریاستی ادارے مولانا مرزا جان کے قاتلوں کو بے نقاب کریں اور حقائق قوم کے سامنے لائیں۔فضل الرحمن کو ٹیلی فون کیا اور جے یو آئی شمالی وزیرستان کے رہنما کے قتل پر اظہار افسوس کیا۔ فضل الرحمن نے کہا ملک میں کسی کی جان و مال اور عزت محفوظ نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن