زیرو ویسٹ مشن کامیاب، صفائی ٹیم کیلئے ایک تنخواہ کا انعام، مسافروں کو زائد کرایہ واپس کیا جائے: مریم نواز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپین کے سفیر جوز انتونیو ڈی اوری اور اعزازی قونصل برائے سپین جلال صلاح الدین نے ملاقات کی جس میں پنجاب اور سپین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور سیاحت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ باہمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی مشترکہ کاوشوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کاروبار کی ترقی کے لیے سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے پائیدار حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ ہسپانوی سفیر نے پنجاب میں مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا غیر ملکی سرمایہ کاروں کو محفوظ سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔ پاکستان اور سپین کے تجارتی حجم میں اضافہ کا رحجان خوش آئند ہے۔ مریم نواز شریف نے شیخوپورہ میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندان سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔ جبکہ فیصل آباد میں جھلس کر بچوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سوگوار خاندان سے تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے تین روزہ خصوصی صفائی مہم میں شامل عملے کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ بطور انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی نے عید صفائی مہم کی تمام ٹیم کو ’’شاباش ٹیم پنجاب، شاباش‘‘ کا پیغام دیا ہے۔ مریم نوازنے کہا کہ آپ نے عوام کی مثالی خدمت کرکے ستھرا پنجاب کی نئی تاریخ لکھ دی۔ شدید گرمی میں جس طرح آپ نے عوام کی خدمت کی، وہ قابل تعریف اور قابل فخر ہے۔ مریم نواز شریف نے عید کی چھٹیاں ختم ہونے پر مسافروں کی واپسی کے پیش نظر مقررہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ لاہور اور دیگر شہروں میں مسافروں سے زیادہ کرایہ وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔ اوور چارجنگ کی صورت میں مسافروں سے وصول کردہ کرایہ واپس کرائیں اور بس عملے پر جرمانہ عائد کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ گاڑی کی فٹنس چیک کی جائے اور قابل مرمت گاڑیوں کو ہرگز مسافروں کی زندگی خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہ دی جائے۔ کسی روٹ پر گاڑیوں میں اوورلوڈنگ نہ کرنے دی جائے۔ مریم نوازشریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں عید الاضحی کے موقع پر 72گھنٹے جاری زیر وویسٹ مشن کامیابی سے ہمکنار ہونے سے عوامی خدمت کا منفرد ریکارڈ قائم ہو گیا۔ مریم نوازشریف نے عید کے تینوں روز زیروو یسٹ مشن اور عید الاضحی سے متعلق ہرٹاسک کی خود مانٹیرنگ کی۔ لاہور میں پہلی مرتبہ ڈرون ٹیکنالوجی اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے سینی ٹیشن مانیٹرنگ کی نئی اختراعی روایات قائم کی گئی۔ کینال میں عید کے موقع پر آلائشیں پھینکنے کی بدعت میں 80فیصد کمی آئی۔ مریم نوازشریف کی طرف سے عملے میں عیدکے تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ پنجاب بھر میں پہلی بار 32لاکھ سے زائدبائیو گریڈ ایبل بیگ تقسیم کیے گئے۔عید کے دوسرے اور تیسرے روز بھی زیر ویسٹ مشن زروشور سے جاری رہا۔ فینائل اور عرق گلاب ملے پانی سے چھڑکاؤ کیا گیا۔ نہر میں گندگی پھینکنے پر 2لاکھ80 ہزار جرمانہ وصول کیا گیا جبکہ صفائی کے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شہریوں کو نوٹس جاری ہوئے اور وارننگ بھی دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی افسران اور عملے کو شاباش دی۔ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر کے منتخب عوامی نمائندوں اور پارٹی رہنماؤں کا بھی صفائی مہم میں ساتھ دینے پر بھر پور شکریہ اد اکیا۔ حکومتی اداروں، عوامی نمائندوں اور شہریوں نے عوام کی خدمت کی قابل تقلید مثال قائم کی جو پنجاب کو مثالی صوبہ بنانے کے لئے جاری کاوشوں کا حصہ ہے۔ پنجاب میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع سسٹم لارہے ہیں اور ستھرا پنجاب ویژن کو حقیقت بنائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل کرم سے ستھرا پنجاب محض نعرہ نہیں رہا بلکہ حکومتی اداروں نے عوام کے اشتراک سے عملی طور پرکر کے دکھا دیا۔