• news

ملک کو کھویا مقام واپس دلائیں گے، وزیراعظم: ’’ویل ڈن مریم‘‘ صفائی کے بہترین انتظام پر وزیراعلیٰ کو شاباش

لاہور+ اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ+خبرنگارخصوصی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عید الاضحی کے موقع پر ملائیشیا، کویت، قازقستان اور امارات کے سربراہان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، پاک افواج کے سربراہان، صدر مملکت، صوبوں کے گورنرز، وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں و کشمیر کے صدر اور وزیر اعظم اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطے کر کے عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ مسلم ممالک کے رہنمائوں سے ہونے والے رابطوں میں تعلقات کی مضبوطی، غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے کوششوں کو ڈبل کرنے اور معصوم فلسطینی بھائیوں کو ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف اور ملائیشیا کے وزیر اعظم داتوک سیری انور ابراہیم کے درمیان عید الاضحی کے موقع پر ٹیلیفونک رابطہ میں دونوں رہنمائوں کے درمیان عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے برادرانہ عوام اور امت مسلمہ کی خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک تمنائوں اور دعائوں کا اظہار کیا۔ غزہ میں جاری بحران پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم کی قیادت میں فلسطینی کاز پر ملائیشیا کے اصولی اور مستقل موقف کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا جو کہ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر یکساں خیالات کے حامل ہیں۔ وزیراعظم شہبا زشریف نے دورہ پاکستان کی دعوت کو قبول کرنے پر وزیراعظم انور ابراہیم کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جمہوریہ قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکائیو سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ رہنمائوں نے دونوں ممالک کے عوام کے لیے عید کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔ اپنی گفتگو کے دوران دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ قازق صدر نے شہباز شریف کے دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پاکستان کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔  وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر روابط اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے لیے اہم ہیں اور دونوں فریقوں کو اس اہم جہت پر اپنی توجہ برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔  قازق صدر نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف اگلے ماہ ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔  وزیراعظم  نے قازقستان کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی پرزور دعوت بھی دی جسے قازقستان کے صدر نے خوش اسلوبی سے قبول کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور کویت کے وزیر اعظم شیخ احمد عبداللہ الاحمد الصباح کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ ہوا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کے برادر عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے امن اور خوشحالی کے لیے نیک تمنائوں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ اپنی گفتگو کے دوران دونوں وزرائے اعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی اہمیت کا اعادہ کیا جن کی خصوصیات باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور مشترکہ مذہبی ورثے پر مشتمل ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کویت کی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ایک بڑی پاکستانی کمیونٹی کی میزبانی کی جو دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔ دریں اثناء نوائے وقت رپورٹ کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف نے عید کے موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور انہیں عیدالاضحیٰ کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی۔ دونوں ممالک کے درمیان متواتر اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے صدر متحدہ  عرب امارات کو جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی عوت دی جس پر شیخ  محمد بن زاید نے دعوت قبول کرتے ہوئے جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے صدر مملکت آصف زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ دونوں رہنمائوں میں عید الاضحی کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ ہوا۔ رابطے میں ملک کی مجموعی و سیاسی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنمائوں نے پاکستان کی بہتری کے لئے ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے افواج پاکستان کے سربراہان کو بھی ٹیلیفون کر کے عید الاضحی کی مبارکباد دی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے چیئرمین جوائنٹ چیفز آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربرہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو ٹیلیفون پر عید کی مبارکباد پیش کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم سرحدوں پر اپنے وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ افواج پاکستان کے سربراہان کی پیشہ ورانہ قیادت میں ہمارے جوان وطن کے دشمنوں اور دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان سے ٹیلی فونک گفتگو میںعید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ق)کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے صدر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عبد العلیم خان ، سردار خالد مگسی، سردار اختر مینگل، آفتاب شیرپائو اور پروفیسر ساجد میر، امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن، نیشنل پارٹی کے صدر عبد المالک بلوچ اور عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ  امید ہے پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اتحادی حکومت میں شامل تمام جماعتیں اپنا اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی، دن رات محنت سے پاکستان کو دنیا میں اس کا کھویا ہوا مقام دلائیں گے، نئے مالی سال کے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ سیاسی رہنمائوں نے بھی وزیراعظم کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی، نیک خواہشات کا اظہار کیا جبکہ اتحادی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز، وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ ، وزیر اعلی گلگت بلتستان گلبر خان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کر کے عید الاضحی کی مبارکباد کا تبادلہ اور نیک خواہشات کا اظہار اور قومی اتحاد و یگانگت کے عزم کا اعادہ کیا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے بہترین انتظامات اور عوامی خدمت پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو شاباش دی اور کہا کہ شدید ترین گرمی میں عملے نے جس محنت سے کام کیا وہ قابل تعریف ہے، آپ کو سلام پیش کرتا ہوں۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا ڈرون کے استعمال سے لاہور نہر میں گندگی  پھینکنے میں 80  فیصد کمی قابل ستائش ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف نے صحافی کے قتل کی شدید مذمت کی اور کے پی کے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے۔  وزیراعظم کا دورہ چین صنعتی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا جبکہ آئی ایم ایف کی مدد کے بغیر چلنا فی الحال ممکن نہیں۔ آئی ایم ایف کے ساتھ جانا ہے اس کے علاوہ کوئی پلان بی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ ملکی استحکام کا بجٹ ہے، چھوٹے کاشتکاروں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی ہماری ترجیح ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے عید الاضحیٰ کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مل کر کام کرنے سے  ہم زمین کے انحطاط کا مقابلہ اور  پائیدار و لچکدار پاکستان کی تعمیر کر سکتے ہیں،  صحرا اور خشک سالی  سے نمٹنے کے عالمی دن 2024  کے موقع پر  ہم ''زمین کے لئے متحد'' کے موضوع کے تحت زمین کی دیکھ بھال کی اہمیت ہمارا ورثہ، ہمارا مستقبل  ہے پر زور دینے کے لئے اکٹھے ہیں، یہ دن ہمیں موجودہ اور آنے والی نسلوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی زمین کی حفاظت اور بحالی کی ہماری اجتماعی ذمہ داری کی یاد دلاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے صحرائوں   اور خشک سالی کے خاتمے کے  دن  کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو  17 جون 2024 کو منایا گیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن