سندر انڈسٹریل سٹیٹ میں پیپر ملز میں آگ لگ گئی،14گھنٹے بعد قابو پالیا
لاہور(نامہ نگار)سندر کے علاقے میں سندر انڈسٹریل سٹیٹ میں پیپر ملز میں آگ لگ گئی۔جس پر ریسکیو ٹیموں نے 14گھنٹے بعد قابو پالیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ آگ سند انڈسٹریل سٹیٹ میں اوپن ایئر میں ایک ایکڑ سے زائد رقبہ میں سٹور کئے گئے ردی کے کاغذ میں لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے سارے گودام میں اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ فائر فائٹنگ آپریشن میں 10ریسکیو ایمرجنسی وہیکلز اور 40سے زائد ریسکیورز نے حصہ لیا ۔14گھنٹے بعد پیپر ملز میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔جبکہ ملتان روڈ پر گیس سلنڈر کی دکان میں ہونیوالے دھماکوں کے بعد لگنے والی گ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ریسکیو 1122اور پولیس کی بھاری نفری نے جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس سلنڈر میں دھماکے سے لگنے والی آگ نے پوری دکان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد دیگر گیس سلنڈرز بھی دھماکے سے پھٹ پڑے۔ ریسکیو 1122نے پیشہ ورانہ مہارت سے قابو پایا۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافیہ حیدر نے موقع پر پہنچ کر ریسکیو کے عمل کی نگرانی کی ۔ مرکزی ملتان روڈ پر جناح ٹرمینل کے مخالف سمت سڑک پر پڑے سلنڈرز دھماکے سے پھٹے ہیں۔ واقعے میں 3افراد زخمی ہوئے ہیں۔ جنہیں علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔آگ سے چند رکشوں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعہ کی ہر لحاظ سے تحقیقات کر کے مزید رپورٹ جاری کر دی جائے گی۔