• news

آئی جی ڈاکٹر عثمان انور نے عیدالاضحٰی کا دن فیلڈ وزٹس میں گذارا 

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عیدالاضحٰی کا دن فیلڈ وزٹس میں گذارا۔ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں نماز عید الاضحٰی کی ادائیگی کے بعد آئی جی پنجاب سب سے پہلے تحفظ منزل فوسٹر ہوم پہنچے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے عیدالاضحٰی یتیم اور بے سہارا بچوں کے ہمراہ منائی۔آئی جی پنجاب نے بچوں کو عید کی مبارکباد دی، گلے لگایا اور شفقت کا اظہار کیا، ڈاکٹر عثمان انور نے تحفظ منزل فوسٹر ہوم کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، انچارج تحفظ منزل نے آئی جی پنجاب کو تحفظ منزل میں قیام پذیر بچوں اور فراہم کی جانے والی سہولیات بارے آگاہ کیا۔دریں اثناء ڈاکٹرعثمان انورکا عید الاضحٰی کے موقع پر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا دورہ کیا۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس کمیونیکیشن افسران و سٹاف کو عید کی مبارکباد دی۔ایم ڈی سیف سٹی اور چیف آپریٹنگ آفیسر نے عید کے موقع پر سکیورٹی، دیگر انتظامات بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے کیمروں کی مدد سے امن و امان کی صورتحال، عیدالاضحی پر سکیورٹی و صفائی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں پولیس فورس کے ہمراہ نماز عید الاضحٰی ادا کی۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ایڈیشنل آئی جی راجہ رفعت، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ ون اینڈ ٹو، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران، ریٹائرڈ و حاضر سروس اعلٰی پولیس افسران اور جوانوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔نماز عید الاضحٰی کے بعد ملکی تعمیر و ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے شہدا پولیس کی یادگار پر سلامی دی۔ یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی، شہدا کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ 

ای پیپر-دی نیشن