ڈرگ فری پنجاب مہم : 24 کلو چرس، 720 گرام آئس ، 990 لٹرز شراب برآمد
لاہور(نامہ نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ڈرگ فری پنجاب مہم کے سلسلہ میں پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں کے چھاپوں میں تیزی لائی گئی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 201 چھاپے مارے گئے۔ مکروہ دھندے میں ملوث ملزمان کیخلاف 56 مقدمات درج کرتے ہوئے 59 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 24 کلو گرام چرس، 720 گرام آئس اور 990 لٹرز شراب برآمد ہوئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 26 فروری سے جاری اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کے دوران صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں کے 31523 چھاپے مارے، منشیات فروشی میں ملوث 15368ملزمان گرفتار ہوئے جن کے خلاف 14729 مقدمات درج کئے گئے ، ملزمان کے قبضہ سے 8876 کلو گرام سے زائد چرس، 44 کلوگرام آئس ، 155 کلو ہیروئن، 267 کلو افیون اور 1666140 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔آر پی اوز، ڈی پی اوز منشیات کے تدارک کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کی خود نگرانی کریں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث سمگلرز ، ڈیلرز اور سپلائرز کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ بالخصوص تعلیمی اداروں، ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔