گوجرانوالہ :جی ڈبلیو ایم سی‘واسا اور پی ایچ اے کا مشترکہ فلیگ مارچ
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) عیدالاضحی کے صفائی آپریشن کی کامیاب تکمیل پر جی ڈبلیو ایم سی، واسا اور پی ایچ اے نے مشترکہ فلیگ مارچ کیا۔ فلیگ مارچ کا مقصد صفائی عملہ کی خدمات اور شہریوں کے تعاون پر شکریہ ادا کرنا تھا۔ فلیگ مارچ کی قیادت کمشنر نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر طارق قریشی، ایم پی اے عمر فاروق ڈار ، سی او شاہد عباس جوتہ، چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی کاشف اسماعیل گجر نے کی۔کمشنر نوید حیدر شیرازی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے حکم پر تمام اداروں بلخصوص جی ڈبلیو ایم سی نے شاندار کارکردگی دیکھا کر شہریوں کے دل جیت لئے۔ہمارے اصل ہیرو سنیٹری ورکرز ہیں اور ہم سب انکی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں، انتہائی شدید گرمی میں فرائض کی بجا آوری لائق تحسین ہے،حکومت پنجاب کی طرف سے اپنے ان ہیروز کا شکریہ ادا کرتے ہیں،عید کے تین دنوں میں گوجرانوالہ سے 8 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھائی گئیں ہیں،فلیگ مارچ سینٹری ورکرز کے ساتھ اظہار یکجہتی اور خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔